ملکی ترقی میں پختون برادری کا کردار ناقابل فراموش ہے،ذکراللہ مجاہد

68

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی تعمیروترقی میں محب وطن پختون برداری کا کردار ناقابل فراموش ہے۔صوبائی دارالحکومت میں پھیلی ہوئی پختون برداری کے جان و مال کا تحفظ ہم سب کی یکساں ذمے داری ہے۔شہر لاہور میں بسنے والے پختون پرامن اور محب وطن ہیں ان کی مشکلات اور مسائل کے حل میں جماعت اسلامی لاہور ہر طرح کی خدمت کیلیے تیار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر بھر کے علاقائی اور زونل پختون امن جرگہ کے عہدیداران کے عزاز میں دیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عشائیہ تقریب میں صدر پختون امن جرگہ لاہور ارشد خان بونیری ، سیکرٹری پختوان امن جرگہ لاہور،گل فیروز، نائب صدر پختوان امن جرگہ لاہور عبدالحفیظ، قاری وقار احمد چتر الی سمیت بڑی تعداد میں پختون برداری سے تعلق رکھنے والے تاجروں نے شرکت کی۔میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ اسلام ہمیں بحیثیت مسلمان رنگ و نسل اور برداری سے بالاتر ہوکر مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کی مدد کرنے کی تلقین کرتا ہے۔خدمت خلق ایسی عبادت ہے جیسے اپنا کر انسان اپنی دنیا و آخرت سنوار سکتا ہے۔جماعت اسلامی شہر لاہور میں بسنے والے محب وطن پختونوں کے مسائل کے حل کیلیے ہر ممکن تعاون کرنے کیلیے تیار ہے۔اس موقع پر صدر پختون امن جرگہ لاہور ارشد خان بونیری نے امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہر مظلوم کی ظلم کے خلاف توانا آواز ہے۔پختون امن جرگہ شہر میں بسنے والے پختونوں کے مسائل کے حل کیلیے ہر سطح پر جدوجہد کررہا ہے اور کرتا رہے گا۔ عشائیہ تقریب میں تھانہ مزنگ کے انچارج پولیس آفیسر ندیم نے بھی شرکت کی اور اس موقع پر پختون برداری کو اس بات کا یقین دلایا کہ اس علاقہ میں بسنے والے تمام پختونوں کے جان و مال کے تحفظ کیلیے ہر طرح کی ذمہ داری ادا کریں گے۔