ن لیگ اور پیپلز پارٹی اپنے جلسے شادی ہالز میں کیا کریں، فواد چوہدری

256

کراچی:وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ن لیگ اور بلاول کو مشورہ ہے کہ اپنے جلسے میرج ہالز میں کرلیا کریں، اُن کی حاضری اتنی ہی ہے، اپوزیشن صرف ملک کی بنیادیں ہلانا چاہتی ہے، اگر عمران خان یقین دلادیں کہ احتساب پر زور نہيں دیں گے تو یہ سب اپنی پرانی تنخواہ پر کام کرنے لگ جائيں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہوگئی، ن لیگ میں 70فیصد لوگ نواز شریف اور مریم نواز کے ساتھ نہیں کھڑے،اپوزیشن نواز شریف کے بیانیے کے ساتھ نہیں دیگی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف چاہتے ہیں ن لیگ کے کارکن سڑکوں پر نکلیں، وہ چاہتے ہیں ان کے بچے مے فیئر میں ہی رہیں، جس طرح ابو بچاؤ مہم ناکام ہوئی انتشار پھیلاؤمہم بھی ناکام ہوگی۔

افسوس کی بات ہے پیپلزپارٹی مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں آگئی، پیپلزپارٹی کو مولانا فضل الرحمان جیسے رہنما کے تحت کام کرنا پڑرہا ہے، اب جلسوں کے لیے مدرسے کے بچوں کا سہارا لینا پڑرہا ہے، پیپلزپارٹی اب بینظیر شہید کے قاتلوں کے ساتھ گزارہ کررہی ہے، مراد علی شاہ سے پوچھوں گا کہ مولانا کی قیادت میں کام کرنا کیسا لگ رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کیا وجہ ہے مولانا فضل الرحمان کے پاس اربوں روپے ہیں، سراج الحق بھی خیبرپختونخوا سے تعلق رکھتے ہیں لیکن ان کے پاس پیسہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی فوج سے صرف یہ لڑائی ہے ان کی کرپشن کیوں نہیں چھپائی، ان کا عدلیہ اور فوج سے مسئلہ صرف کرپشن چھپانے میں معاونت کا ہے، اداروں سے جھگڑا صرف پیسہ بچانے کے لیے ساتھ کھڑا ہونے کا ہے۔