قومی ٹی ٹوئنٹی کپ ، خیبر پختونخا نے سدرن پنجاب کو شکست دیدی

116

ملتان(نمائندہ خصوصی)ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز میچ میں خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو 6رنز سے شکست دے دی۔ 201 رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز ہی بناسکی۔23 کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز کے پویلین واپس لوٹنے پر کریز سنبھالنے والے صہیب مقصود نے 40 گیندوں پر 6 چوکوں اور 5 چھکوں کی بدولت 77 رنز بنائے تاہم میچ کے آخری لمحات میں سیف بدر کی ناٹ آؤٹ 22 رنز کی اننگز نے میچ میں سنسنی پھیلا دی۔سدرن پنجاب کو میچ میں جیت کے لیے آخری 12 گیندوں پر 24 رنز درکار تھے مگر میچ میں 26 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرنے والے جنید خان نے 19ویں اوور میں صرف 2 رنز دے کر خیبرپختونخوا کی پوزیشن مضبوط کی تاہم سدرن پنجاب کے بیٹسمین سیف بدر نے محمدحفیظ کے آخری اوور میں15 رنز بناکر میچ کو دلچسپ بنادیا مگر وہ بھی اپنی ٹیم کوایونٹ میں مسلسل تیسری شکست سے بچانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔اس سے قبل سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر فخر زمان 26 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد محمد حفیظ اور محمد رضوان کے درمیان 100 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ دونوں کھلاڑیوں نے میدان کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے۔ محمد حفیظ 35 گیندوں پر 5 چوکوں اور 5 چھکوں کی بدولت 67 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کپتان محمد رضوان نے مسلسل دوسری نصف سنچری بنائی۔ وہ 55 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمد نے 20 گیندوں پر 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انہوں نے 3 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔سدرن پنجاب کے راحت علی اور حسین طلعت نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔دونوں ٹیمیں 12 اکتوبر کو ایک بار پھر لیگ میچ میں مدمقابل آئیں گی، اس مرتبہ ان کے درمیان میچ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ہوگا۔میچ میں شاندار بولنگ کرنے والے جنید خان کا کہنا ہے کہ مسلسل دوسری کامیابی سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سدرن پنجاب کے خلاف میچ جیتنے پر خوش ہیں، صہیب مقصود کا آؤٹ ہونا میچ کا ٹرننگ پوائنٹ تھا۔