کراچی سرکلر ریلوے جنوری 2021میں جزوی بحال کرنے کا اعلان

217

اسلام آباد:شہر قائد کے باسیوں کی انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں اور کراچی کا تاریخ ساز منصوبہ اپنی تکمیل کے حتمی مراحل میں داخل ہوگیا۔وزارت ریلوے نے جنوری 2021میں کراچی سرکلر ریلوے جزوی بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

ریلوے کیرج فیکٹری میں کراچی سرکلر ریلوے کیلئے کوچز تیار کی گئی ہیں اور مسافروں کیلئے کئی سہولیات رکھی گئی ہیں۔سفید، سرخ اور نیلے رنگ کی چم چماتی ٹرین کی بوگی ہے جس میں کشادہ، نرم اور آرام دہ سیٹیں مسافروں کے لیے لگائی گئی ہیں۔ گرمی سے بچانے کے لیے پنکھے اور بوریت سے بچانے کے لیئے ٹی وی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

اسلام آباد کی لوکو موٹو فیکٹری میں کراچی سرکلر ریلوے کی چمچماتی ٹرین کی 7بوگیاں اور دو لوکو موٹو تیار کر لی گئیں جبکہ باقی کوچز کی تیاری کا عمل بھی رواں سال دسمبر تک مکمل کر لیا جائیگا۔ایم ڈی کیرج فیکٹری محمد قاسم نے کے سی آر کوچز کے بارے میں بتایا کہ اسلام آباد یا کراچی کہیں بھی آزمائشی ڈرائیو دے دیں گے اور جلد ہی بوگیاں اپنی منزل کو بھی روانہ کر دی جائیں گی۔

تیار بوگیوں میں مسافروں کی سہولت کا خاص خیال رکھا گیا ہے جبکہ ایک ٹرین میں 100کے قریب مسافر سفر کر سکیں گے۔دوسری جانب وزارت ریلوے نے کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کا پلان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ کے سی آرمنصوبہ تین مراحل میں مکمل کیا جائیگا، پہلے مرحلے میں یومیہ 32 ٹرین چلائی جائیں گی جو 16 ہزار مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کریں گی۔

دوسرے مرحلے میں ٹرینوں کی تعداد بڑھا کر 48کر دی جائیگی جس سے یومیہ 24ہزار مسافرمستفید ہونگے۔ ٹرین 19منٹ میں اپنا فاصلہ طے کریگی۔ کیسی آر منصوبہ 44کلومیٹر پر مشتمل ہے جبکہ ٹوٹل 20اسٹیشن رکھے گئے ہیں۔