نجی اسکولوں کو فیس وصولی کیلیے بچوں کو ہراساں نہ کرنیکاحکم

111

پشاور/لاہور(اے پی پی/نمائندہ جسارت) پشاورہائیکورٹ کے چیف جسٹس وقاراحمدسیٹھ پرمشتمل ڈویژن بینچ نے صوبائی حکومت اور محکمہ تعلیم کو نوٹسز جاری کیاہے کہ پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے نوٹیفکیشن کے مطابق والدین نجی اسکولوں کو فیس ادا کریں اور اگلی پیشی 14 اکتوبر تک اسکول بچوں سے فیس وصولی کریں لیکن بچوں کو ہراساں نہ کیاجائے۔درخواست گزار والدین کا موقف تھاکہ فیسوں کے نام پر بچوں کو ہراساں کیا جارہا ہے حکومت نے 6 ہزارسے کم فیسوں میں 10 فیصد ریلیف دیا ہے لاک ڈاؤن کی چھٹیوں کی فیس معاف کردی جائے۔علاوہ ازیں لاہورہائیکورٹ کے جج ساجد محمود سیٹھی نے نجی اسکولوں کو فیسوں کی عدم ادائیگی پر طلبہ کو بے دخلی سے روکتے ہوئے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، عدالت نے حکم دیا کہ کسی بچے کو فیس کی عدم ادائیگی پر اسکول سے نکالا گیا تو اسکول انتظامیہ کو طلب کیا جائے گا، درخواست گزار والدین کا موقف تھا عدالت نے 5 فیصد اضافے کی اجازت دی لیکن اسکولز انتظامیہ من مانی فیسیں وصول کر رہی ہے، عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔