اپوزیشن سے کوئی خوف نہیں، مدت پوری کریںگے، شاہ محمود

63

ملتان (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے جلسے جلوس سیاسی عمل ہے ہمیں کوئی خوف نہیں، اپوزیشن جو مرضی کرلے حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، یہ لوگ نادانی میں پاکستان کے مخالفین کو خوش کر رہے ہیں، سیاسی عدم استحکام کی کوشش نہ کریں، افراتفری کا فائدہ کس کو ہوگا؟۔ گزشتہ روز این اے 156 کی یونین کونسل 38 اولڈ شجاع آباد روڈ ملتان میں ٹف ٹائل، سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے مختلف منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف مک مکا کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، ایف اے ٹی ایف پر قانون سازی کے حوالے سے اپوزیشن سے 34 نکات پر نشستیں ہوئیں، انکا خیال تھا ایف اے ٹی ایف کو ڈھال بنا کر مفاد لے سکتے ہیں، انہوں نے حتیٰ الامکان کوشش کی کہ مک مکاہو جائے، مایوس ہونے پر اپوزیشن نے اتحاد بنایا، اس اتحاد میں مختلف خیالات، مختلف نظریات اور مختلف ایجنڈوں کے لوگ یکجا ہوئے جن کا مقصد احتساب کے عمل کو روکنا ہے، اپوزیشن کا اتحاد غیر فطری اتحاد ہے دیر پا دکھائی نہیں دیتا، حکومت کو اے پی سی سے کوئی ڈر نہیں، پی ڈی ایم قائدین کو دیکھنا چاہیے کہ آئندہ دنوں میں کورونا کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر ان کے جلسوں و اجتماعات سے عوام کو کتنا نقصان پہنچ سکتا ہے۔