حکومت کا اپوزیشن کو جلسوں کی اجازت دینے کا فیصلہ

252

اسلام آباد:وفاقی  حکومت نے اپوزیشن کو ملک بھر میں جلسے کرنے کی اجازت دینے کافیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سیاسی امور پر حکومتی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء  اور معاونین خصوصی شریک ہوئے،اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور ہوا اور اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک پر مشاورت کی گئی،حکومتی پولیٹیکل کمیٹی نے صورتحال سے متعلق تجاویز پیش کی۔

ذرائع کے مطابق حکومتی اراکان نے تجویز دی کہ اپوزیشن کو جلسے کرنے کی اجازت دی جائے۔ اپوزیشن ملک بھر میں جہاں جلسہ کرنا چاہےاجازت دی جائے۔ حکومتی اراکین اور مشیران نے تجویز دی کہ اپوزیشن کو جلسوں میں کورونا ایس او پیز کا پابند بنایا جائے،ضلعی انتظامیہ جلسوں میں ایس او پیز کی پابندی یقینی بنائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت اپوزیشن جماعتوں کے جلسوں اور ریلیوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی اور اپوزیشن ملک بھر میں جہاں جلسے کرے اجازت ہوگی،  پی ڈی ایم کو جلسوں کے این او سی جاری کیے جائیں گے،  تاہم اپوزیشن کو جلسوں میں کورونا ایس او پیز کا پابند بنایا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ  پرامن احتجاج اور جلسے کرنا اپوزیشن کا حق ہے، لیکن احتجاج کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اپوزیشن کی تحریک عوام کی نہیں بلکہ سیاسی ایلیٹ کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہے، اپوزیشن حکومت پر دبائو ڈال کر کرپشن کیسز سے چھٹکارا چاہتی ہے، عوام کو سیاستدانوں کی کرپشن بچاو تحریک میں کوئی دلچسپی نہیں۔