سندھ کابینہ نے گندم ریلیز کرنے کی منظوری دے دی، آٹے کی قیمت میں کمی کا امکان

271

کراچی:سندھ کابینہ نے تفصیلی غورو خوض کے بعد گندم کی قیمت 3687.50 روپے فی 100 کلو بیگ مقرر کرنے کی منظوری دیدی اس طرح ایکس مل آٹا کی قیمت میں 9.13 روپے فی کلوگرام کمی ہو سکے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت  سندھ کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں تمام صوبائی وزراء ، مشیران ، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ ، ایڈووکیٹ جنرل سلمان طالب الدین ، ​​چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم اور متعلقہ سیکرٹریز نے شرکت کی۔

سکریٹری فوڈ نے کابینہ کوبریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت صوبے کی چھ ڈویژنوں میں 1.262 ایم ایم ٹی گندم کا ذخیرہ موجود ہے،مارکیٹ میں آٹے  کی قیمتیں مستحکم تھیں جو فی کلو 57 روپے ریکارڈ کی گئی۔

 وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آٹے کی قیمت کو نیچے لانا ہوگا کیونکہ گندم مارکیٹ میں دستیاب ہے لہذا قیمتوں میں کمی آنی چاہئے۔

وزیر خوراک ہری رام کی سفارش پر فلور ملز کو  16 اکتوبر سے گندم جاری کرنے کی منظوری دی گئی،مکمل بحث و مباحثے کے بعد اس کی قیمت باردانہ کے ساتھ 3687.50 روپے فی 100 کلوگرام کی منظور دی گئی۔

گندم کی نئی ایشو پرائس کے ساتھ ہی آٹے کی قیمتیں 9.13 روپے کم ہوجائیں گی اور آٹے کی نئی قیمت 47.87 روپے فی کلوگرام پر آجائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ وہ ایکس مل کی سطح پر آٹے کی قیمت میں کمی کو یقینی بنائے اور ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کرتے رہیں تاکہ وہ خوردہ سطح پر قیمتوں پر قابو پاسکیں، وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کو متحرک کریں اور صوبہ کے عوام کو فی کلو قیمت میں 9.13 روپے کی کمی کے فائدے سے مستفید کریں۔