کل جماعتی مجلس عمل تحفظ ناموس صحابہ و اہل بیت نے جمعہ کی ہڑتال کی حمایت کردی

75

لاہور (نمائندہ جسارت) کل جماعتی مجلس عمل تحفظ ناموس صحابہ و اہل بیت پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے مؤقف کی مکمل تائید و توثیق کرتے ہوئے 16اکتوبر جمعۃ المبارک کی ملک گیر ہڑتال کی پر زور حمایت کا اعلان کیا ہے کل جماعتی مجلس عمل کے کنوینر مولانا عبدالرؤف فاروقی ،مولانا زاہد الراشدی ، عبدالطیف خالد چیمہ، ،علامہ ابتسام الہی ظہیر، قاری زواربہادر، ڈاکٹر فریداحمد پراچہ،مولانا عبدالرؤف ملک ،مولانا عزیز الرحمن ثانی،مولانا فہیم الحسن تھانوی ،حافظ ا سعد عبید، میاں محمد اویس ،مولانا جمیل الرحمن اختر ،مولانا اشرف طاہر ،حافظ حسین احمد اور دیگر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹر مولانا محمد عادل خان اور ان کے ساتھی مقصود احمد کی شہادت پر اہل کراچی نے امن وامان قائم رکھ کر ایک مثال قائم کی ہے کہ ہمیں یہ وطن بہت عزیز ہے اور ہم امن و امان کا مسئلہ پیدا نہیں کرنا چاہتے ۔مولانا عبدالرؤف فارقی نے کہا ہے کہ علما کمیٹی کراچی کو اعلیٰ حکام صورتحال سے بے خبر رکھے ہوئے ہے اورتوہین صحابہ کے مرتکبین کو گرفتار بھی نہیں کیا جارہا جس سے ملک بھر میںپھیلنے والے اشتعال کا حقیقی بنیادوں پر ادراک نہیںکیا جارہا اور روایتی انداز اختیار کرکے مسئلے کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن حکمران اور فتنہ پرور عناصر کان کھول کر سن لیں کہ شہدائے نامو س صحابہ کا مقدس خون کبھی رایئگا نہیں جائے گا ۔ انہوں نے تاجر برادری سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ 16اکتوبر کی ہڑتال کو زیادہ سے زیادہ کامیاب بنا کر صحابہ و اہل بیت کے ساتھ سچی محبت کا ثبوت دیں۔ علاوہ ازیں مجلس احرار اسلام سندھ کے امیر مفتی عطا الرحمن قریشی نے اپنے بیان میںکہا ہے کہ ہم علما کمیٹی کا باضابطہ حصہ ہیں اور کمیٹی کے فیصلوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حالیہ تحریک تحفظ ناموس صحابہ واہل بیتؓ کوہر حال میں جاری رکھیں گے۔