قطر کا کورونا ویکسین سے متعلق امریکی کمپنی سے معاہدہ

218

قطر کا کورونا ویکسین بنانے والی امریکی بائیوٹیکنالوجی کمپنی موڈرنا سے معاہدہ طے پاگیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق قطر نے امریکی دوا ساز کمپنی موڈرنا سے کرونا ویکسین کے حوالے سے معاہدہ طے کیا، دوا کو منظوری ملنے کے بعد موڈرنا کی بڑے پیمانے پر خوراک حاصل کی جائے گی۔

یاد رہے کہ موڈرنا کی ویکسین کو ابھی تک عالمی سطح پر منظوری نہیں ملی مگر اس کے ایڈوانس ٹرائلز جاری ہیں، اس کے ساتھ جونسن اینڈ جونسن کی ویکسین کے ٹرائلز بھی چل رہے ہیں۔

محکمہ صحت کے گروپ اور شعبہ متعدی امراض کے سربراہ عبدالطیف الخل کا کہنا تھا کہ ’معاہدے کے تحت امریکی کمپنی ہمیں ہنگامی بنیادوں پر بڑی تعداد میں ویکسین کی خوراک فراہم کرنے کی پابند ہوگی‘۔

انہوں نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ موڈرنا کی جانب سے کتنی ویکسین کی کتنی خوراکیں فراہم کی جائیں گی مگر یہ بتایا گیا ہے کہ اس ویکسین کی فراہمی کا سلسلہ رواں ماہ سے شروع ہوجائے گا۔