اہل مدارس اپنی حفاظت خود کریں، مولانا فضل الرحمن

69

سکھر(صباح نیوز)جمعیت علما اسلام کے مرکزی امیر اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پشاور بم دھماکے میں دینی درس گاہ کے بچوں کو نشانہ بنایا گیا ہے،اگر حکومتی ادارے تحفظ فراہم نہیں کرسکتے تو تمام مدارس اپنی سیکورٹی کے انتظامات خود کریں۔ جو کہتے ہیں دہشت گردی ختم ہوگئی، پشاور دھماکا ان کے منہ پرطمانچہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منزل گاہ سکھر میں پریس کانفرنس میں کیا۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جو لوگ خوف و ہراس اور دھماکوں کی پیش گوئی کرتے ہیں اس صورتحال میں وہ اپنی کمزوری کا اظہار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کے صدر کی ہدایت پر گستاخانہ خاکوں کو عمارتوں پر آویزاں کرنا مسلمانوں کے خلاف اعلان جنگ کے مترادف ہے، عوام کوفرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ اور تجارتی روابط ختم کردینا چاہیے ۔جے یو آئی جمعہ سے ملک بھر میں’’ہفتہ احتجاج‘‘ کے طور پر منانے گی ۔انہوں نے کہا کہ27اکتوبر کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے، کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، وفاق کو حق نہیں کہ وہ سندھ کے جزائر پر قبضہ کرے، اگر عمران خان سنجیدہ ہیں تو عوام کے جان و مال کی حفاظت اس کی ذمے داری ہے۔