کراچی :20سے زاید سپر اسٹورزکا فرنچ مصنوعات کا بائیکاٹ ‘آرڈرز منسوخ

279

کراچی (رپورٹ: منیر عقیل انصاری) فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف احتجاجاً کراچی کے20 سے زاید معروف سپر اسٹورز نے فرانسیسی مصنوعات کا اجتماعی بائیکاٹ کردیا ہے جس کے بعد فرانسیسی مصنوعات کی خریداری ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے۔ عوام کی جانب سے فرانسیسی مصنوعات کی طلب میں نمایاں کمی کے سبب معروف سپر اسٹورز نے فرانسیسی مصنوعات کے کروڑوں روپے مالیت کے درآمدی آرڈرز بھی منسوخ کر نا شرو ع کر دیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کے دیگر مسلم ممالک کی طرح کراچی میں بھی ’’بائیکاٹ فرنچ پروڈکٹس‘‘ مہم تیزی پکڑ رہی ہے۔ فرانسیسی مصنوعات کا اجتماعی بائیکاٹ کرنے والوں میں امتیاز سپر مارکیٹ، چیس اپ، میٹرو سپر اسٹور، بگ بائے، حیدری سپر مارکیٹ، پارک ٹاورز سپر اسٹور، ناہید، شیز، گارڈن، گریس، وقار، آغا سپر مارکیٹ، الفا، ای بی سی او، میرا سپر اسٹور، اسپرنگس، حسینی سپر مارکیٹ، بن ہاشم فا رمیسی اینڈ سپر اسٹور اور الجدید سپر مارکیٹ شامل ہیں‘ ہزاروں خریدار ان سپر اسٹور ز سے یومیہ بنیادوں پر اشیائے ضروریہ خریدتے ہیں تاہم اب ان سپر اسٹوروں میں فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کا بینرز آویزاں کر دیے گئے ہیں۔ گلستان جوہر صفورا چورنگی کے قریب واقع بن ہاشم فارمیسی اینڈ سپر اسٹور کے سی ای او احمد بن ہاشم نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے تمام سپراسٹورز میں فرانسیسی کمپنیوں کے شیلفز پر بائیکاٹ کے بینرز آویزاں کر دیے ہیں اور اچھی بات یہ ہے کہ عوام بھی فرانس کی مصنوعات کو خریدنے سے گریز کر رہے ہیں۔ کراچی کے عوام فرانس میں اظہار رائے کی آزادی کے نام پر پیغمبرؐ اسلام کے انتہائی توہین آمیز خاکوں کی تشہیر پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری غیرت اور حمیت کا معاملہ ہے اس کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں‘ فرانس کے سوشل بائیکاٹ کے ساتھ اس کی مصنوعات کی خریداری بند کی جائے‘ پاکستان ایک مسلم ملک ہے اور یہاں کے صارفین اپنے پیارے نبیؐسے بہت محبت کرتے ہیں۔ الجدید سپر مارکیٹ کے عبدالقیوم نے بتایا کہ ا لجدید کے تمام سپر اسٹورز پر فرانسیسی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ ہے۔ انہوں نے صارفین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ فرانسیسی اشیا کی خریداری ترک کردیں۔ کراچی الیکٹرونک ڈیلرز ایسوسی ایشن، کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن، آل کراچی تاجر اتحاد، سندھ تاجر اتحاد، کراچی کی مارکیٹوں کی مختلف ایسوسی ایشن سمیت دیگر دکانداروں اور اسٹورز مالکان کی جانب سے فرانسیسی مصنوعات کے اسٹالز، شیلفز پر بائیکاٹ کا پمفلٹ آویزاں کر دیا گیا ہے۔کراچی کے معروف سپر اسٹورز اور مارکیٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ہم فرانسیسی مصنوعات کے متبادل کے طور پر دیگر ممالک کی مصنوعات کو ترجیح دے رہے ہیں۔