کوئٹہ میں روٹی کی بلیک میں فروخت، قیمت 60 روپے ہوگئی

173

کوئٹہ: بلوچستان کےدارالحکومت میں روٹی بھی بلیک میں فروخت ہونے لگے گی،ریستوران مالکان نے روٹی کی قیمت 60 روپے کردی۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں گیس کی بندش کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے، قیمتی اشیا نے پہلے ہی عوام کی کمر توڑ رکھی تھی اب روٹی کی بلیک میں فروخت نے عوام کو رلا دیا ہے۔

کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گیس کی بندش سے گھر میں روٹی بنانا مشکل ہوگیا، اسی موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ریستوران مالکان  نے روٹی مہنگے داموں بلیک میں خرید و فروخت شروع کردی، ریستورانوں میں آدھی روٹی 30 جبکہ پوری روٹی 60 روپے کی بیچ رہے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق کوئٹہ میں گزشتہ 12 روز آٹے کی قیمتوں میں کمی کیلئے نان بائی ایسوسی ایشن کی ہڑتال جاری ہے جبکہ ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کی صورت میں وزیر اعلی ہاوس کے باہر دھرنے کا اعلان کردیا ہے۔

نان بائی ایسوسی ایشن کا مطالبہ ہے کہ حکومت آٹا سستا کرکے 300 گرام والی روٹی 20 روپے میں فروخت کرنے کی اجازت دے کیونکہ 20 روپے میں فروخت ہونے والی 200گرام کی روٹی خشک اور پاپٹر جیسی ہوجاتی ہے جس پر گاہک ناراض ہوتا ہے۔