جماعت اسلامی ہی مسائل حل کرنےکیلیے جہدوجہد کر رہی ہے، سینیٹرمشتاق

241

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا ہے کہ صرف جماعت اسلامی میدان عمل میں کھڑی ہے جو عوام کے مسائل کے حل کے لیے حقیقی جہدوجہد کر رہی ہے۔

نیشنل لیبر فیڈریشن کے زیر اہتمام اْسوہ رسولؐ مزدور کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد  نے کہا کہ فرانس کے صدر ذہنی مریض ہے، امت مسلمہ پر مسلط حکمران اغیار کے ذہنی غلام ہیں،وسائل تعداد،افواج،اقتصادی شہ رگ رکھتے ہوئے بزدل حکمرانوں نے امت کو غلام بنایا ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ بدترین مہنگائی نے مزدور طبقے سے زندگی کا حق چھین لیا ہے، کم از کم تنخواہ ساڑھے سترہ ہزار ہے جبکہ اس پر بھی عمل نہیں ہو رہا، لیبر ڈپارٹمنٹس سرمایہ داروں کی تنخواہ دار اور کٹھ پتلی کا کردار ادا کر رہے ہیں، لیبر کورٹس میں ہزاروں مقدمات زیر التوا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمران موجودہ ہوں یا سابق سب ایک ہی سرمایہ داری نظام 74 سال سے چلا رہے ہیں،جس سے سرمایہ دار اپنی تجوریاں بھر رہا ہے اور مزدور کے حصے میں بھوک اور افلاس ہے، این ایل ایف سرمایہ داری نظام کو بدلنے کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کرے گی۔