گلگت کے عوام وفاق کے جھوٹے وعدوں میں نہیں آئیں گے‘ بلاول

85

غذر (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے شہری انتخابی سمجھ بوجھ رکھتے ہیں‘ وہ وفاق کے جھوٹے وعدوں میں نہیں آئیں گے‘ گلگت بلتستان میں حکومت ملی تو یہاں کے مزدوروں کو بینظیر غریب کارڈ فراہم کریں گے۔ گلگت بلتستان میں ضلع غذر کی تحصیل یاسین میں جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ عوام کو ان کے حقوق دلانے ہیں اور15 نومبر ہم سب کی جدوجہد کے امتحان کا دن ہے‘ گلگت بلتستان کے عوام نے بے نظیر کا ہر میدان میں ساتھ دیا تھا جس کے نتیجے میں یہاں جمہوریت پروان چڑھی اور لیگل فریم ورک آرڈر پاس کرا کر انتخابات کرائے‘ یہ صرف ہماری پارٹی کا خاصا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سندھ میں اسپتال بنائے بالکل اسی طرح یہاں بھی مفت علاج کے لیے اسپتال تعمیر کیے جائیں گے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کو شناخت دلائی اور گورنر دیا‘ گلگت بلتستان اور گوارد کی وجہ سے سی پیک منصوبہ پاکستان میں آیا لیکن گلگت بلتستان کو وہ فوائد نہیں ملے جو ملنے چاہیے تھے۔ بلاول نے وزیراعظم کے دورہ گلگت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابات کی وجہ سے کسی پیکج کا اعلان نہیں کر رہا‘ وزیراعظم سے پوچھنا چاہیے کہ پچھلے 2 سال سے یہ حکومت میں ہیں‘ تب تو انتخابات نہیں تھے‘ ان 2 سالوں میں آپ نے کیا کیا؟ چیئرمین پی پی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دلوانے کی بات کی اس کو اپنے پارٹی منشور میں شامل کرکے بھی دکھائیں‘ جنوبی پنجاب والوں کو بھی 100 دن میں الگ صوبہ دینے کا وعدہ کیا تھا جو ابھی تک پورا نہیں ہوا۔ بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ جھوٹے اور منافق وزیراعظم کے ہوتے ہوئے کرپشن ختم نہیں ہوسکتی جبکہ کرپشن کے خاتمے کے لیے ایک قانون بنانے کی ضرورت ہے۔