چہرے اور عہدے بدلنے سے کارکردگی بہتر نہیں ہو سکتی،جاوید قصوری

70

لاہور (نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ چہرے اور عہدے بدلنے سے وزارتوں کی کارکردگی بہتر نہیں ہو سکتی۔ حکومت نااہلوں کا ٹولہ ہے جو عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام رہا ۔اداروں کو سیاست میں گھسیٹنا منفی اقدام ،اس سے ملکی سلامتی کو خطرہ ہو سکتا ہے ۔ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان حال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیرامیڈیکل اسٹاف سے لیکر کسانوں تک کوئی بھی مطمئین نہیں ۔ کاشتکاراپنے جائز مطالبات کے لیے سڑکوں پرہیں ۔ مہنگی بجلی اورکھادوں نے کاشتکاروں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ تحریک انصاف کی مایوس کن کارکردگی سے خود حکومتی اتحاد ی ناراض ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کا گردشی قرضہ 2سال میں ساڑھے 22سو ارب سے تجاوز کر چکاہے ۔ شرح مہنگائی کم ہونے کے بجائے مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔ اکتوبر کے مہینے میں مہنگائی کی شرح 8.91فیصد رہی ہے ،ٹماٹر 48پیاز 39چکن 26.6فیصد مہنگے ہوئے۔ آٹا 43سے80روپے فی کلو، چینی 95،آلو 73روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔ سرکاری نرخوں کے مقابلے میں سبزیوں کی قیمتیں 250فیصد زیادہ وصول کی جارہی ہیں۔ ایک سال کے دوران اشیا کی خورونوش کی قیمتوں میں 67فیصد تک اضافہ ہواہے ۔ محمدجاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام سے اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی ہے۔ سرمایہ کاروں کے 144ارب روپے ڈوب چکے ہیں ۔ مہنگائی بے روزگاری اورلا قانونیت کی سونامی سب کچھ تباکرگیا ہے۔