ن لیگ نے کراچی واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ مسترد کردی

227

لندن:مسلم لیگ(ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی واقعہ پر تحقیقاتی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقاتی رپورٹ کور اپ ہے، رپورٹ میں جونیئرز کو قربانی کا بکرا بنایا گیا جبکہ حقیقی مجرموں کو چھپایا گیا ہے،اس رپورٹ کو ہم مسترد کرتے ہیں۔

قبل ازیں کراچی واقعہ پر آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مزار قائد پربے حرمتی کے پس منظر میں رونما ہونے والے واقعہ پر آئی جی سندھ کے تحفظات کے حوالے سے فوج کی کورٹ آف انکوائری مکمل کرلی گئی ہے، واقعہ کی انکوائری آرمی چیف کے حکم پر کی گئی اور رپورٹ کے پس منظر میں رینجرز اور سیکٹر ہیڈ کوارٹر آئی ایس آئی کراچی کے آفیسرز کو ذمہ داریوں سے ہٹادیا گیا ہے۔

کورٹ آف انکوائری کی تحقیقات کے مطابق  18اور 19اکتوبر کی درمیانی شب پاکستان رینجرز  سندھ اور سیکٹر ہیڈ کوارٹرز آئی ایس آئی کراچی کے آفیسرز مزار قائد کی بے حرمتی کے نتیجے میں شدید عوامی رد عمل سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے میں مصروف تھے، پاکستان رینجرز اور سیکٹر ہیڈ کوارٹرز آئی ایس آئی کراچی کے آفیسرز پر مزارِ قائد کی بے حرمتی پر قانون کے مطابق بروقت کارروائی کے لیے عوام کا شدید دباؤ تھا۔