ریاض:پاکستانی سفارتخانے میں ’’آر ڈی اے ‘‘سے متعلق تقر یب

101

ریاض(محمد جمیل راٹھور)پاکستانی سفارتخانہ ریاض نے حکومت پاکستان کے’’روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ‘‘(آر ڈی اے) اقدام پر سعودی عرب میں متعین سفیر راجا علی اعجاز کی جانب سے جمعرات کو ایک تقر یب کا اہتمام کیا۔تقریب سے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے خطاب کیا۔ تقریب میں قونصل جنرل خالد مجید، پاکستان میں مقیم بینکرز، سی ای اوز، مالیاتی ماہرین، کاروباری افراد نے شرکت کی۔ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کے آر ڈی اے اقدام کا مقصد تارکین وطن کو اپنی ترسیلات زر کی سہولت فراہم کرکے پاکستان سے مالی طور پر منسلک کرنا ہے ۔آر ڈی اے کی انوکھی خصوصیات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ معیارات پر سمجھوتا کیے بغیر ضابطے میں لچک پیش کرتا ہے اور بغیر کسی اجازت کے، کسی بھی وقت کسی بھی رقم کی ترسیل کی مکمل آزادی کی اجازت دیتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے اس طرح کے مزید اقدامات متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ شرکاء کو آر ڈی اے سے متعلق مزید بھی آ گاہ کیا گیا۔بعد ازاں سوال و جواب کے سیشن بھی ہوئے۔