مجاہدین سے ملی ہزیمت مٹانے کیلئے بھارتی فوج نے ایل او سی پر محاذ کھول دیا

149

راولپنڈی:مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج اور مجاہدین کے درمیان جھڑپ میں 4 بھارتی  فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت نے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے ایل او سی پر محاز کھول دیا ہے، 7 اور 8 نومبر کی رات کپواڑہ میں مبینہ طور پر بھارتی فوج اور حریت پسندوں کے درمیان جھڑپ ہوئی، جس میں 4 بھارتی فوج ہلاک ہوگئے تھے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی فوج ذلت کا سامنا کرنے پر ہزیمت مٹانے کیلئے 13 نومبر کو ایل او سی پر فائرنگ کی اور سول آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ کے دوران ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا، جبکہ مختلف سیکٹرز پر توپ خانے کا بھی استعمال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر دانستہ طور پر شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا، بھارتی فوج نے لیپا، نیلم ویلی، جورا، سیکٹر شاہ کوٹ اور باغ ویلی میں فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ بھارتی فائرنگ سے 4 بے گناہ شہری شہید اور 12 زخمی ہوئے، جبکہ پاک فوج کا ایک جوان شہید اور 5 زخمی ہوئے۔

جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ کا پاک فوج نے موثرجواب دیا، فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا، جس میں بھارتی فوج کا بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا، جس کی بھارتی میڈیا نے بھی تصدیق کی، انہوں نے کہا کہ بھارت  کا نقصان اس کے تسلیم کیے جانے والے نقصان سے کہیں زیادہ ہے۔