کراچی کے درجنوں علاقوں میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، گھریلو صارفین پریشان

70

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری)کراچی میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا ہے ‘ خواتین کو امور خانہ داری میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے‘سوئی سدرن گیس کے ترجمان موقف دینے سے قاصر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شہرکے مختلف علاقوں میں گزشتہ ایک ہفتے سے رات کے اوقات میں گیس کی فراہمی معطل ہوجاتی ہے جس کے باعث گھریلو صارفین کو شدیدمشکلات کا سامناہے۔متاثرہ علاقوں میں سرجانی ٹائون، نیو کراچی،لیاقت آباد ،گلستان جوہر کے مختلف بلاکس، کنیز فاطمہ سوسائٹی،شیرشاہ،جیکب لائن سمیت دیگر علاقوں میں روز رات کے اوقات میں 6گھنٹے گیس کی لوڈشیڈنگ معمول بن گئی ہے۔جبکہ چاکیواڑہ، نیا آباد، کھڈا مارکیٹ، کھارادر کیماڑی ، ملیر، گلشن اقبال، ناظم آباد، شاہ فیصل کالونی میں دن کے اوقات میں گیس پریشر میں کمی کا سامنا ہے۔گیس کی لوڈشیڈنگ سے گلستان جوہر کے مختلف بلاکس زیادہ متاثر ہیں‘لوگ مجبوراََ گیس سلنڈر پر کھانا بنانے پر مجبور ہیں، اس حوالے سے لیاقت آباد کے علاقہ مکینوں نے جسارت سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ رات10 بجے سے اچانک گیس بند ہو جاتی ہے اور یہ سلسلہ گزشتہ ایک ہفتے سے جاری ہے‘ کھانا پکانے کے لیے مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں۔سوئی گیس کمپنی کو شکایت کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہورہا ہے‘ اس کے علاوہ ہوٹلوں میں ایل پی جی سلنڈر کے استعمال سے کھانے پینے کی اشیا کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے، اسی طرح گلستان جوہراور کنیز فاطمہ سوسائٹی کے رہائشیوں نے جسارت کو بتا یا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے رات کے وقت گیس اچانک چلی جاتی ہے جبکہ صبح کے وقت گیس کا پریشر بھی کم رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعے کو گلستان جوہر گلشن امین میں گیس اچانک چلے جانے کے بعد گیزر بند ہونے کی وجہ سے گیزر میں آگ بھی لگ گئی تھی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اسے بجھایا ہے، گیس کے اچانک چلے جانے کی وجہ سے لوگ اپنا گیزر بند کرنا بھول جاتے ہیں اور اسی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ہے۔کراچی میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے بعد اب سوئی گیس کی فراہمی کا عمل بھی تعطل کا شکار ہوگیا ہے۔ شہری دہرے عذاب میں مبتلاہوگئے ہیں،کراچی میںگیس کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے موقف جاننے کے لیے جسارت نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان صفدر حسین سے واٹس ایپ اور فون پر رابط کیا تاہم انہوں نے اپنا موقف نہیں دیا ۔