روس کا نئے جوہری پروگرام کا اعلان‘دفاع مضبوط بنانے کا عزم

82
ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن فوجی افسران اور حکومتی عہدیداروں کے اجلاس میں جوہری پروگرام سے متعلق تبادلہ خیال کررہے ہیں

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اعلان کیا ہے کہ ملک کی ایٹمی طاقت کو مزید مضبوط کیا جائے گا، اس میں جدت لاکر ملکی سلامتی اور تحفظ کو تقویت دیں گے۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق پیوٹن کا کہنا تھا کہ ملک کی جوہری طاقت کو جدید اور مزید مستحکم بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش بروئے کار لائی جائے گی۔ بیان میں ولادیمیر پیوٹن نے روس کے نئے جوہری پروگرام اور روسی افواج کو جدید قسم کے میزائل اور طیارے حوالے کیے جانے سے متعلق ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان دفاعی منصوبوں پر عمل کرنے کے نتیجے میں روسی اسٹریٹیجک جوہری طاقت میں جدید ترین ہتھیاروں کا تناسب 82فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ایٹمی طاقت ہماری دفاعی سلامتی کی بنیاد اور ضمانت ہے جو عالمی استحکام میں بھی مؤثر واقع ہوئی ہے۔صدر پیوٹن نے مزید کہا کہ سرحدوں کے قریب نیٹو افواج کی موجودگی میں اضافے جیسے عوامل پر بھی بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ نیٹو افواج نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پھیلاؤ کے موقع پر فوجی نقل و حرکت میں کمی کیے جانے سے متعلق روس کی تجویز پر کوئی توجہ نہیں دی ہے۔