امارات اور اسرائیل میں مشترکہ سیکورٹی ٹیم کی تشکیل پر اتفاق

91

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات اوراسرائیل کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز اماراتی وزیر داخلہ سیف بن زاید ال نہیان اور صہیونی ریاست کے قومی سلامتی کے وزیر امیر اوہانا کے درمیان وڈیو کانفرنس کے ذریعے رابطہ ہوا۔ عبرانی ریڈیو کے مطابق اس اجلاس میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات معمول پرلانے کے معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے کوششیں تیز کرنے پر اتفاق اور مشترکہ پروگراموں و منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ان میں جدید ٹیکنالوجی کے منصوبے اور بین الاقوامی جرائم سے نمٹنے سے متعلق پروگرام شامل ہیں۔متحدہ عرب امارات کی ہوم لینڈ سیکورٹی کی وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں وزرا نے قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مشترکہ ٹیم کی تشکیل، معاشی اور سیاحت کے شعبوں کی حمایت کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں ممالک نے 13 اگست کو اپنے تعلقات معمول پر لانے کا ایک معاہد کیا تھا اور 15 ستمبر کو دونوں ملکوں کے درمیان امریکا کی سرپرستی میں باقاعدہ سمجھوتے پر دستخط ہوئے تھے ۔ اس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان وزرا کی سطح پر بات چیت جاری ہے۔ متنازع معاہدے کو فلسطینی دھڑوں اور فلسطینی اتھارٹی نے امارات کی غداری اور فلسطینی عوام کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف قرار د یا ہے۔