باکو (انٹرنیشنل ڈیسک) آذر بائیجان اور آرمینیا کے مابین کاراباخ میں جنگ بندی کے بعد ایک مسجد میں فوجی جوان کی اذان سے شہر کی فضا گونج اٹھی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق نگورنو کاراباخ کے علاقے شوشا میں 28 برس بعد مسجد میں اذان سنائی دی، جس کے بعد اہل کاروں نے وہاں جمعہ کی نماز ادا کی۔ نماز کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اِردوان نے کہا ہے کہ ترکی اور روس نے نگورنو کاراباخ میں جنگ بندی کی نگرانی کی کوششوں کو مربوط کرنے کے لیے ایک مشترکہ مرکز کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ دریں اثنا آذربائیجان اور آرمینیا کے مابین کاراباخ میں جنگ بندی کے بعد کے امور کی انجام دہی کے لیے تکنیکی بات چیت کے لیے 20 روسی وفد انقرہ پہنچ گیا۔ ترک وزیر دفاع خلوصی آکار کی جانب سے روسی وفد کے آنے کی تصدیق کی گئی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق وفد نے وزارت خارجہ کے اجلاس میں شرکت کی۔