سعودی تیل تنصیبات پر حملہ ناکام ،6 بمبار ٖڈرون تباہ

179
ریاض: سعودی تیل تنصیبات میں آگ لگنے کے بعد دھواں بلند ہو رہا ہے

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب نے یمنی باغیوں کی جانب سے تیل تنصیبات پر کیا جانے والا ڈرون حملہ ناکام بنادیا۔ حکام نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ باغیوں نے جیزان صوبے میں تیل تنصیبات پر حملے کے لیے 6 ڈرون بھیجے،جنہیں فضاہی میں تباہ کردیا گیا۔ اس دوران باغیوں نے دھماکاخیز مواد سے بھری 2ریموٹ کنٹرول کشتیوں کوبھی روانہ کیا،جن کے حملوں سے تنصیبات کے چند حصوں میں آگ لگ گئی،تاہم اس سے کوئی بڑا نقصان نہیںہوااور برقت کارروائی کرکے انہیں تباہ کردیا گیا۔ یمن میں سرگرم عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے اپنے بیان میں بتایا کہ 3ڈرون یمن کی حدود کے اندر مار گرائے گئے، جب کہ ایک بمبار طیارے کو سعودی سرحد کے قریب گرایا گیا۔ اس کے علاوہ حوثیوںنے دونوں بم بار کشتیاں الحدیدہ شہر سے بحر احمر میں کارروائیوں کے لیے روانہ کی تھی۔ دوسری جانب ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی کے لیے خطرہ بننے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کا حجم دُگنا کرنے اور تیل کی آمدن پر انحصار کم کرنے کے لیے دن رات کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے بدھ کے روز جدہ میں غیرمسلموں کے قبرستان پر حملے کی مذمت کی۔ سعودی ولی عہد نے قومی معیشت کی ترقی میں سرکاری سرمایہ کاری فنڈ (پی آئی ایف) کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے معیشت کے حجم میں آیندہ 2برس میں 40ارب ڈالر کا اضافہ ہوگا۔ رئیل اسٹیٹ اور اسٹاک مارکیٹ سمیت اربوں ریال کے اثاثے سعودی وزارت خزانہ کو منتقل ہوچکے ہیں اور تمام معاملات طے ہونے کے بعد انہیں قومی اثاثوں میں شمار کیا جائے گا۔