بھارت ،کورونا کی تیسری لہر ،ایک دن میں 104 افراد ہلاک

85

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی دارالحکومت میں کورونا وائرس کی تیسری لہر سے ایک روز میں ریکارڈ 104افراد ہلاک ہوگئے۔ نئی دہلی میں24گھنٹے کے دوران 7 ہزار سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے۔ نئی دہلی میں 16جون کو ایک ہی روز میں سب سے زیادہ 93 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی تھیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق نومبر کی ابتداسے دارالحکومت میں 872افراد ہلاک ہوچکے ہیں،جب کہ سرکاری اعداد و شمار وہاں اب تک مجموعی طور پر 7ہزار 332افراد ہلاک اور 4 لاکھ 67ہزار سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔ اس کی بڑی وجہ تہواروں میں لوگوں کا بغیر حفاظتی تدابیر کے شرکت کرنا ہے۔ اس کے علاوہ نئی دہلی میں بڑھتی ہوئی آلودگی نے لوگوں کا جینا محال کررکھا ہے اور عوام نت نئی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ دوسری جانب امریکا اور یورپ میں بھی وبا کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ ہونے لگ گیا۔ کیلی فورنیا میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا اور10لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوگئے۔ جرمنی میں 24 گھنٹے کے دوران 23ہزار 542نئے کیس سامنے آئے۔ کورونا وبا کے آغاز کے بعد سے جرمنی میں 7لاکھ 51ہزار کیس رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، جب کہ ان میں سے 12ہزار 200موت کے منہ میں چلے گئے۔ ادھر فرانس میں حفاظتی اقدامات کے تحت سخت پابندیاں کا نفاذ جاری ہے اور حکومت نے اس میں ذرا بھی نرمی کرنے سے انکار کردیا ہے۔ پیرس حکام کا کہنا ہے کہ قواعد میں نرمی کرنے کا مطالبہ غیر ذمے داری کا مظاہرہ ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اٹلی میں بھی کورونا وائرس پھر بے قابو ہونے لگ گیا اور شہر نیپلز میں گاڑیوں میں مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔ تیسرے بڑے شہر میں اسپتالوں میں جگہ ختم ہوگئی ہے اور مریضوں کو گاڑیوں میں آکسیجن اور ڈرپ لگائی جارہی ہے۔ وہاں 24 گھنٹوں میں 33 ہزار سے زائد نئے کیس سامنے آچکے ہیں۔