تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران کے سابق صدر محمود احمدی نژاد کا کہنا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان جاری تنازعات کو ختم کرنا علاقائی اور عالمی سطح پر ایک بڑی خدمت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں، لہٰذا ہمیں صبر سے کام لینا ہوگا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق برطانوی ادارے دی انڈپینڈنٹ (فارسی) کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر براہ راست انٹرویو دیتے ہوئے محمود احمدی نژاد نے ایرانی سیاست، عالمی مسائل، کورونا کی وبا اور امریکی و ایرانی صدارتی انتخابات پر اظہار خیال کیا۔ سابق ایرانی صدر نے کہا کہ ایران کے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات ہمارے علاقے کے لیے بہت اہم اور فیصلہ کن ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات عالمی مسائل پر بہت اثرانداز ہوتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان مقابلے میں فتح کسی کو نہیں ملتی۔ مقابلہ تعمیری، برادرانہ اور بہت دوستانہ تعاون ہونا چاہیے۔ اسی میں دونوں ممالک، خطے اور پوری دنیا کا مفاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک ہمیشہ کے لیے فیصلہ کرلیں کہ آپس کے مقابلے کو تعاون اور دوستی میں تبدیل کر دیا جائے۔اختلافات کو ہٹا کر دیکھا جائے تو دونوں ممالک کے درمیان بہت سے معاملات مشترک ہیں۔