ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) بڑی معیشتوں کے حامل ممالک کے گروپ ’’جی 20‘‘ نے کورونا وائرس کی عالمگیر وبا سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کے لیے مزید اعانت پر اتفاق کیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق گروپ کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنروں نے وڈیو کانفرنس میں قرضوں کی ادائیگی سے متعلق نئے لائحہ عمل پر اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں واجبات میں جزوی کٹوتی سمیت قرضوں سے متعلق سہولت دینے کے لیے مزید اقدامات کرنے پر زور دیا گیا۔ گروپ نے اپنے اختتامی بیان میں قرضہ جاری کرنے والے تمام سرکاری اداروں پر مزید شفافیت کے لیے زور دیتے ہوئے غیر سرکاری قرضہ جاتی اداروں سے بھی مزید ریلیف دینے کی اپیل کی گئی ہے۔ ان ترقی یافتہ ممالک نے قرضوں میں ریلیف دینے کے اقدامات کا پوری طرح حصہ نہ بننے پر چین کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ واضح رہے کہ کورونا کی عالمگیر وبا کے تناظر میں جی 20 نے گزشتہ ماہ اتفاق کیا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کے ایسے قرضوں کی ادائیگی مزید 6 ماہ کے لیے مؤخر کر دی جائے جو رواں سال کے اختتام تک واجب الادا تھے۔ حالیہ اجلاس میں اس فیصلے کی توثیق کردی گئی ہے۔