امریکا کی 2 ریاستوں میں 15 روزہ سخت لاک ڈائون

94

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ریاست اوریگون اور نیومیکسیکو میں 2 ہفتوں کے لیے سخت لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق نیومیکسیکو کے گورنر نے عوام کو 15 روز کے لیے گھروں میں رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم زندگی اور موت کی صورتحال سے دوچار ہیں اور اگر اب بھی ہدایات پر درست عمل نہیں کیا تو جان نہیں بچا پائیں گے۔ دوسری جانب ریاست اوریگون کے گورنر نے بھی 2 ہفتے کے سخت لاک ڈاون کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں تمام دفاتر عوام کے لیے بند رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹور، جم، میوزیم اور دیگر تمام عوامی مقامات 15 روز کے لیے بند رہیں گے۔ اس دوران صرف ہوٹلوں کو کھانا گھروں تک فراہم کرنے کی اجازت ہوگی جب کہ کسی بھی جگہ پر 6 سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔اس دوران کیلیفورنیا اور واشنگٹن نے بھی شہریوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے ہدایت کی ہے جب کہ نیو یارک، میری لینڈ، ورجینیا، منیسوٹا میں بھی کورونا وائرس کی وجہ سے پابندیاں عائد ہیں۔ واضح رہے کہ امریکا میں کورونا سے یومیہ اوسطاً ایک ہزار اموات ریکارڈ اور اوسطاً ایک لاکھ 32 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہورہے ہیں۔ کیسوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 10 لاکھ 64 ہزار سے متجاوز اور اموات کی تعداد 2 لاکھ49 ہزار 975 ہو چکی ہے۔ دوسری جانب فلسطینی وزارت داخلہ نے غزہ کی پٹی میں کورونا کی وبا میں تیزی کے بعد لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا کر کاروباری مراکز شام 5 بجے بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ساتھ ہی ہر طرح کی تقریبات پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔