گندم 2 ہزار، گنے کی قیمت 300 روپے من کی جائے، کسان بورڈ

95

فیصل آباد (جسارت نیوز) کسان بورڈ نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں 25 نومبر کو دوبارہ اسمبلیوں کے گھیرائو کی دھمکی دے دی۔ کسان بورڈ کے ضلعی صدر چودھری علی احمد گورایہ نے کہا کہ حکومت فوری طور پر گندم کی قیمت 2 ہزار فی من، گنے کی قیمت 300 روپے اور مونجی کی قیمت 3 ہزار روپے فی من مقرر کرے۔ کسان بورڈ نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ کینو 17 سو روپے فی من کیا جائے۔ علی احمد گورایہ کا کہنا تھا کہ کھاد پر ٹوکن سسٹم ختم کیا جائے۔ کھاد اور بیج پر ڈائریکٹ سبسڈی دی جائے۔ اسی طرح زرعی بجلی پانچ روپے 35 پیسے فی یونٹ کی جائے۔ علی احمد گورایہ نے کہا کہ کسان رہنمائوں پر لاٹھیاں برسانے اور پر گولیاں چلانے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہیں، اگر کسانوں کے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو 25 نومبر کو اسلام آباد اور لاہور میں اسمبلیوں کا گھیراؤ کریں گے اور پوری طاقت سے احتجاجی تحریک چلائیں گے۔