گلگت بلتستان میں الیکشن نہیں سلیکشن ہوا ، مشتاق احمد خان

92

سوات (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں الیکشن نہیں بلکہ سلیکشن ہوا ہے ، اسٹیبلشمنٹ نے بند کمروں میں فیصلہ کیا ،موجودہ حکومت عذاب کے طورپر مسلط کی گئی ہے عمران خان ملک پر بوجھ بنے ہوئے ہیں ،احتساب سے یوٹرن لے کر عمران خان نے شوگر اور ادویات مافیا کو اپنی حکومت میں پناہ دے رکھی ہے ،پی پی پی ،ن لیگ ، مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی ایک ہی مافیا اور اشرافیہ ہے ان کے مقابلے میںجماعت اسلامی ہی ملک کی واحد حقیقی جمہوری پارٹی ہے، 22نومبرکو گراسی گراؤنڈ کا جلسہ تاریخی ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ الخدمت مینگورہ میں 22 نومبر کو ہونے والے جلسہ عام کے حوالے سے جماعت اسلامی اور جے آئی یوتھ کے ذمے داران کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر ضلعی امیر حمید الحق ،ضلعی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر خالد فاروق ،نائب امرا ضلع نوید اقبال، ڈاکٹر عبیداللہ، سابق امرا ضلع محمد امین ،ڈاکٹرفضل سبحان اور دیگر بھی موجو د تھے ۔سینیٹر مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت غیر منتخب حکومت ہے جو عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے،ملک میں اس وقت مہنگائی اوربے روزگاری عروج پر ہے ،غریب عوام 2 وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں ،ملک میں کسی کی بھی جان ،مال ا ور عصمت محفوظ نہیں ،کمسن بچوں کے ساتھ جنسی درندگی میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہاہے جو حکمرانوں کے لیے لمحہ فکر ہے ۔