بچوں کا دادا دادی کے ساتھ رہنا، ذہنی و روحانی نشونما کا بہترین ذریعہ

200

دادا دادی کا ساتھ میں رہنا بچے کی روحانی تربیت اور ذہنی نشونما کیلئے بہت ضروری ہے۔ دیکھا جائے تو پرانی تہذیبوں میں بھی دادا دادی شروع کے وقت سے ہی گھروں کے سربراہ رہے ہیں۔ مثال کے طور پر قدیم امریکی بانشدے اور چینی تہذیب میں دادا دادی کو علم و حکمت کا ذریعہ سمجھا جاتا تھا۔

کبھی کبھی والدین کو بچوں کے دادا دادی کے مستقل طور پر گھر میں شفٹ ہونے سے پریشانی ہوسکتی ہے لیکن آپ یہ سوچیں کہ اُن کو بھی آپ کے گھر میں شفٹ ہونے میں ہچکچاہٹ محسوس ہوسکتی ہے۔ کسی بھی تبدیلی کو ایڈجسٹ کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔ اس دوران آپ جتنا اچھا برتاؤ کریں گے اتنا ہی خوشگوار ماحول میسر ہوگا۔

ایڈجسٹمنٹ کی مدت کے بعد، آپ کو گھر میں کسی اور نئے فرد کے ساتھ وقت گزارنے میں خوشی محسوس ہوگی۔ دادا دادی اکثر عمدہ کہانیاں سناتے ہیں جیسے کہ ان کے بچوں کے بارے میں یا پرانے ذمانے کا واقعات۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ آپ کے بچوں کی روحانی و ذہنی تربیت بھی کریں گے اور بہت ممکن ہے کہ آپ اس حوالے سے بےفکر ہوجائیں۔

گھر میں اپنے بچوں کو مستقل وقت دینا ناممکن ہوتا ہے کیونکہ آپ کو آفس جانا ہوتا ہے اور ماں کو دیگر گھریلو امور پر توجہ دینی ہوتی ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے بچوں کو ٹائم نہیں دے پاتے اور بچے بھی ایک خول میں سمٹتے جاتے ہیں اور ذہن میں اُٹھنے والے سوالات کا جواب تلاش کرنے کیلئے خارجی ذرائع ڈھونڈتے ہیں جو کہ ناقابلِ اعتبار بھی ہوتے ہیں۔ یہاں پر دادا دادی اس خلا کو پُر کرتے ہیں اور آپ کی غیر موجودگی میں آپ کے بچوں کو وہ اطمنان بخشتے ہیں جس سے اُن کی کردار سازی ہی نہیں بلکہ تنہائی کا احساس بھی دور ہوتا ہے۔