انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو 7 ممالک پر دورے کے دوران فرانس کے بعد اپنی دوسری منزل ترکی پہنچ گئے جہاں انہوں نے مختلف مذہبی مقامات کا دورہ کیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق پومپیو کا طیارہ پیر کی شام استنبول کے ہوائی اڈے پر اترا جہاں سے وہ سخت حفاظتی انتظامات میں روانہ ہوئے۔ گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ نے استنبول کے علاقے فاتح میں فینز آیا یورگی روم پیٹرک کلیسا کا دورہ کیا اور متعلقہ متعلقہ حکام سے ملاقات کی۔ بند کمرے میں ہونے والے مذاکرات تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہے۔ بعد ازاں مائیک پومپیو استنبول کی معروف رستم پاشا مسجد پہنچے۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ سوسان پومپیو اور انقرہ میں امریکی سفیر ڈیوڈ سیٹرفیلڈ ان کے ساتھ تھے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کی اگلی منزل جارجیا ہوگی، جس کے بعد وہ اسرائیل، سعودی عرب، امارات اور قطر جائیں گے۔ قبل ازیں پومپیو نے پیرس میں فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں سے ملاقات میں اقتصادی و سلامتی امور اور انسداد دہشت گردی کے علاوہ خطے سمیت عالمی صورت حال پر بات چیت کی۔ بعد ازاں فرانسیسی اخبار سے گفتگو کے دوران امریکی وزیر خارجہ نے ہرزہ گوئی کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور خطے میں حالیہ اقدامات سے نمٹنے کے لیے امریکا اور یورپ کو مل کر کام کرنا ہوگا۔