واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی خلائی ادارے ناسا کا اسپیس ایکس مشن بین الاقوامی خلائی مرکز پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ خلاباز کسی نجی کمپنی کی کمرشل پرواز کے ذریعے 6ماہ قیام کے لیے خلائی اسٹیشن پہنچے ہیں۔ یہ مشن زمین سے پیر کے روز روانہ ہواتھا اور اس میں 4خلاباز سوار تھے۔ انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پر پہلے سے 3خلاباز موجود ہیں۔ خلابازوں کی ٹیم کو اسپیس اسٹیشن تک پہنچنے میں 27گھنٹے لگے۔ اس مشن کے لیے فیلکن نامی راکٹ اور ڈریگن کیپسیول استعمال کیا گیا، جو کیلیفورنیا میں قائم نجی کمپنی اسپیس ایکس نے تیار کر کے ناسا کو فروخت کیاتھا۔