احمد آباد (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں تیز رفتار ٹرک اور ٹرالر میں خوف ناک تصادم کے نتیجے میں11 افراد ہلاک اور17زخمی ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق حادثہ ریاست گجرات کے شہر بڑودا میں پانی گیٹ علاقے میں پیش آیا۔ مرنے والوں میں5 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔ مقامی پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ واگھوڈیا چوکڑی کی سوسائٹی کے قریب صبح ایک ٹرک اور ٹرالر میں ٹکر ہوئی۔ واقعے کے وقت ٹرک میں 26 افراد سوار تھے، جن میں سے 11 افراد ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت نہیں ہو پائی۔ حادثے پر وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس رہنما راہول گاندھی سمیت کئی رہنماؤں نے تعزیت کا اظہار کیا۔