ابوظبی (انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات اور یونان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط کردیے گئے۔ امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق بدھ کے روز ولی عہد ابوظبی شیخ محمد بن زاید النہیان نے یونانی وزیراعظم کیریاکوس میتسوتاکیس کا ساحلی محل میں استقبال کیا۔ اس موقع پر یونانی وفد اور اماراتی وزرا وعہدے داران موجود تھے۔ ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں کی موجودگی میں تزویراتی شراکت کے معاہدے کے ساتھ خارجی سیاست اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ دونوں ممالک نے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔