نیو یارک (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی حکومت کی طرف سے یمنی باغیوں کو دہشت گرد تنظیم قرار دیے جانے کے امکانات کے بعد اقوام متحدہ نے اپنے عملے کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔ امریکا کے فارن پالیسی میگزین کے مطابق عالمی ادارے نے اپنے امریکی عملے اور این جی او کے کارکنوں کو شمالی یمن میں حوثی ملیشیا کے علاقوں سے باہر منتقل کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق عہدے داروں نے تصدیق کی ہے کہ یمن میں اقوام متحدہ اور بین الاقوامی امدادی ایجنسیوں کے لیے کام کرنے والے 10 سے زائد امریکیوں کو صنعا میں حوثی ملیشیا کے علاقوں سے عارضی طور پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب یمن میں آئینی حکومت کی معاونت کرنے والے عرب عسکری اتحاد نے حوثی باغیوں کا ایک بمبار ڈرون تباہ کر کے سعودی عرب پر حملے کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی۔ عرب ٹی وی کے مطابق عرب اتحادی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب میں شہری آبادی پر حملے کے لیے ایک بمبار ڈرون مملکت کی طرف داغا، تاہم عرب اتحادی فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بمبار ڈرون کو مار گرایا۔ ترجمان نے حوثی باغیوں کی طرف سے ڈرون طیاروں کے حملے کوبین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی اداروں سے حوثیوں کی دہشت گردی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔