ایتھوپیائی فوج پر اسکول کو نشانہ بنانے کا الزام

68

ادیس بابا (انٹرنیشنل ڈیسک) تیگرائے یونیورسٹی کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایتھوپیا کی فوج نے اپنی ایک تازہ فضائی کارروائی میں اسکول کو نشانہ بنایا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق یونیورسٹی حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں ایک اسکول پر حملے کے نتیجے میں عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ دوسری جانب ایتھوپیا کی حکومت کی جانب سے اس الزام سے متعلق کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔ دریں اثنا ایتھوپیائی فوج کے سربراہ نے عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم پر تیگرائے کے رہنماؤں کی حمایت کرنے اور ہتھیاروں کی خریداری میں ان کی مدد کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ایتھوپائی فوج کے سربراہ بیرہانو جولا نے کہا ہے کہ یتیگرائے سے تعلق رکھنے والے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے تیگرائے پیپلز لبریشن فرنٹ (ٹی پی ایل ایف) کی حمایت کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور اس علاقے کو ہتھیاروں کے حصول میں بھرپور مدد کی۔ انہوں نے اپنے الزامات کے ثبوت پیش نہیں کیے تاہم ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ٹیڈروس ایڈہانوم پر براہ راست الزامات عائد کیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک میں جنگ کی مذمت کے لیے مہم چلانے والے شخص سے ہمیں کوئی توقع نہیں ہے کہ وہ ایتھوپیا کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ اُدھر عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کی جانب سے الزامات پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔