شاہ سلمان اور اردوان تعلقات میں بہتری پر متفق

137

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) تُرک صدر رجب طیب اردوان اور سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری لانے پر اتفاق کیا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق اکتوبر 2018ء میں استنبول کے سعودی سفارت خانے میں صحافی جمال خاشق جی کو قتل کیے جانے کے بعد دونوں رہنماؤں نے پہلی بار جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب ٹیلی فون پر بات کی۔ تُرک صدارتی دفتر کا کہنا ہے کہ صدر اردوان اور شاہ سلمان نے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران تعلقات کے علاوہ جی 20سربراہ اجلاس کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے بات چیت کے دروازے کھلے رکھنے پر اتفاق کیا، تاکہ تعلقات میں بہتری لائی جا سکے اور مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے۔ یہ رابطہ درحقیقت جی 20 سربراہ اجلاس کے تناظر میں ہوا۔ دنیا کی 20 طاقتور ترین معیشوں کا یہ سربراہی اجلاس اس برس سعودی دارالحکومت ریاض میں ہو رہا ہے۔ اس 2 روزہ اجلاس کا آغاز ہفتہ کے روز ہوا اور یہ آج بھی جاری رہے گا۔ شاہ سلمان نے کہا ہے کہ بڑی عالمی معیشتوں پر مشتمل جی 20 نے دنیا میں پھیلی کورونا وبا کے اثرات کو کم سے کم کرنے کی کوششوں کے ضمن میں اپنی مضبوطی اور اہلیت ثابت کردی ہے ۔ انھوں نے یہ بات جی 20 سربراہ اجلاس کے آغاز سے قبل ایک ٹویٹ میں کہی۔ ترک صدر نے ہفتے کے روز وڈیو لنک کے ذریعے اس کانفرنس سے خطاب بھی کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ اس اجلاس میں کیے گئے فیصلے صرف کورونا بحران کے منفی اثرات زائل کرنے ہی پر اثر انداز نہیں ہوں گے، بلکہ جی 20 سے وابستہ توقعات کو بھی پورا کریں گے۔ خیال رہے کہ جی 20سربراہ اجلاس پہلی بار کسی عرب ملک میں منعقد ہوا ہے۔ اجلاس کے ایجنڈے میں کئی معاملات ہیں، جن میں توانائی، ماحولیات، ڈیجیٹل اکانومی، صحت اور تعلیم نمایاں ترین ہیں۔ سعودی عرب جی 20 کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے رکن ممالک میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ تعاون مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔ اسی طرح اجلاس کی میزبانی مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقا کے لیے اہمیت کے حامل امور کو پیش کرنے میں کردار ادا کرے گی۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ جی 20 سربراہ اجلاس کے تیار کردہ اعلامیے میں باور کرایا گیا ہے کہ قرضوں کے بوجھ میں نرمی کا منصوبہ ممکنہ طور پر جون 2021ء تک نافذ العمل رہے گا۔ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کووڈ 19 نے معاشرے کے زیادہ کمزور طبقوں کو شدید طور سے متاثر کیا۔