بیروت (انٹرنیشنل ڈیسک) لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بابدا جیل سے 40 قیدی فرار ہوگئے۔ لبنانی سرکاری میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز بیروت کے مشرقی علاقے میں واقع بابدا جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں نے سیکورٹی گارڈز کو جیل میں بند کردیا اور فرار ہو گئے، جس کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے فرار قیدیوں کی تلاش میں علاقے میں ناکا بندی کر رکھی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بعض مفرور قیدیوں نے ایک گاڑی چوری کی، جو ایک حادثے کا شکار ہوگئی اور وہ ہلاک ہوگئے۔ ان میں سے چند قیدیوں کی گرفتاری کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔