سعودی عرب: بارش کے بعد یخ بستہ ہواؤں میں اضافہ

140

ریاض: سعودی محکمہ موسمیات و ماحولیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک بھر میں سردی کی لہر میں تیزی کا امکان ہے جبکہ بعض بالائی علاقوں میں درجہ حرارت پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جائے گا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق  محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری چارٹ کے حوالے سے کہا گیا ہےکہ سعودی عرب میں بھی موسم سرما کا آغاز ہو چکا ہے جبکہ اتوار 22 نومبر کو تبوک، الجوف، شمالی حدود، حائل اور مددینہ کے شمالی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت 5 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

سعودی محکمہ موسمیات و ماحولیات کے مطابق قصیم، ریاض اور مشرقی ریجن میں بھی سردی کی لہر کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے جس کے مطابق پارہ  10 سے 13 ڈگری تک پہنچے گا جبکہ تبوک اور شمالی علاقو ں میں رہنے والے تبدیل ہوتے ہوئے موسم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور گرم ملبوسات کا خصوصی اہتمام کریں تاکہ یخ بستہ ہواؤں سے متاثر نہ ہوں۔

دوسری جانب گزشتہ روز (ہفتہ 21 نومبر) سے مملکت کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے جس کے بعد جدہ سمیت دیگر ساحلی شہرو ں میں بھی موسم میں خوشگوار تبدیلی آ ئی ہے۔

واضح رہے ساحلی شہروں میں عام طور پر سردی کی اتنی شدت نہیں ہوتی تاہم مملکت کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں موسم سرما میں ہونے والی برف باری کی وجہ سے سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے۔