لندن‘لاہور‘اسلام آباد‘راولپنڈی(خبرایجنسیا ں+ نمائندہ جسارت)سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمدشہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر 90 برس کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئیں۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کی والدہ کی طبیعت گزشتہ ایک ماہ ہی سے خراب تھی لیکن گزشتہ چند روز سے ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب تھی اور ان کا انتقال لندن میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں ہوا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق بیگم شمیم اخترکے سینے میں شدید انفیکشن ہوگیا تھا، انہیں الزائمر کی بیماری بھی لاحق تھی۔سابق وزیراعظم کی والدہ کا انتقال لندن میں ہوا جہاں نواز شریف علاج کے لیے موجود ہیں۔ لندن میں نواز شریف کی والدہ کے انتقال کے بعد گھر کے باہر کارکن جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں ۔ بیگم شمیم اختر کے چھوٹے بیٹے شہباز شریف اس وقت لاہور کی جیل میں ہیں جہاں انہیں والدہ کے انتقال کی خبر سے آگاہ کردیا گیا، کوٹ لکھپت جیل میں حمزہ شہباز کو بھی اطلاع پہنچا دی گئی ہے۔شریف فیملی ذرائع کے مطابق بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ لندن ہی میں ادا کی جائے گی جب کہ ان کی میت پاکستان بھجوانے میں 2 سے3 روز لگ سکتے ہیں۔ سابق نواز شریف کا میت کے ساتھ پاکستان آنے کا کوئی امکان نہیں جس کی تصدیق سابق وزیر خزانہ اور ان کے رشتے دار اسحاق ڈار نے بھی کردی ہے۔سابق وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف اپنی والدہ کی میت کے ساتھ پاکستان نہیں جائیں گے، طبی مشورے کے مطابق نوازشریف کو سفر کی اجازت نہیں۔خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو تدفین کے انتظامات پر مشورے کے لیے شہباز شریف کی پیرول پر رہائی کا انتظار ہے، نوازشریف کی بیٹی اسما نواز کا میت لے کر پاکستان جانے کا امکان ہے۔دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، وزیراعظم عمران خان ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر‘ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج لحق،وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر، چاروںوزرائے اعلیٰ و گورنرز، سینیٹرز ،وفاقی و صوبائی وزرا سمیت ملکی سیاسی قیادت بلاول زرداری، مولانا فضل الرحمن ، آصف علی زرداری،چودھری شجاعت ، چودھری پرویزالٰہی، مونس الٰہی،اسفند یار ولی ، محمود خان اچکزئی، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر اور دیگر سیاسی و مذہبی شخصیات نے نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے ۔علاوہ ازیںامیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ میاں نوازشریف اور میاں شہباز شریف کی والدہ محترمہ کی وفات کا سن کر افسوس ہوا،چند دن پہلے ہی میں خود اس سانحہ سے گزرا ہوں ، ماں کا اس دنیا میں کوئی نعم البدل نہیں ہے، اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت فرمائے،درجات بلند کرے اور جملہ لواحقین کو صبرجمیل سے نوازے، میں تمام اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ دریںاثنا سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، لیاقت بلوچ ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،حافظ محمد ادریس اوردیگر رہنمائوں نے بھی میاں نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔