دنیا کی بڑی دستانے بنانے والی فیکٹریاں بند کرنے کا اعلان

168

ملائیشیا میں دستانے بنانے والی کمپنی نے ملازمین میں کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر درجنوں فیکٹریاں بند کرنے کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی دستانے بنانے والی ملائیشین کمپنی “ٹاپ گلوو” نے ملازمین میں کورونا کی تشخیص کے بعد 28 فیکٹریاں بند کرنے کا اعلان کردیا۔

ٹاپ گلوو کی انتطامیہ کے مطابق ملائیشیا میں موجود فیکٹریوں کے 2400 سے زائد ملازمین میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد بندش کا فیصلہ کیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق ابتدائی طور پر کمپنی اپنے 28 پلانٹ بند کرے گی۔

ملائیشیا کی وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان علاقوں میں کورونا وائرس کے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے جہاں دستانے بنانے والی کمپنی کے پلانٹ اور ہاسٹل موجود ہیں۔

وزارت صحت نے بتایا کہ کمپنی کے 5 ہزار 800 ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ان میں سے 2 ہزار 453 میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔

وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ جن ملازمین میں کورونا کی تصدیق ہوئی انہیں اسپتال جب کہ ان سے ملاقاتیں کرنے والوں کو آئسولیٹ کردیا گیا ہے۔

اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ فیکٹریاں بند ہونے کا عمل کب سے شروع کیا جائے گا۔

دستانے بنانے والی کمپنی ٹاپ گلوو کی ملائیشیا میں 41 فیکٹریاں موجود ہیں۔ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر ٹاپ گلوو کو اس سال ریکارڈ منافع ہوا۔

فیکٹریوں کی بندش سے وہ ملازمین انتہائی متاثر ہوں گے جو دیگر علاقوں اور ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔