خرطوم (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل اور سوڈان کے درمیان تعلقات استوار ہونے کے بعد پہلا صہیونی وفد خرطوم پہنچ گیا۔ اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے اپنی نشریات میں وفد کے دورئہ سوڈان کی تصدیق کی، تاہم اس میں شامل عہدے داروں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ متحدہ عرب امارات اور بحرین کے بعد سوڈان اسرائیل کے ساتھ معاہدے کا اعلان کرنے والا تیسرا مسلمان ملک ہے۔ دوسری جانب بحرین کے ولی عہد شہزادہ شیخ سلمان بن حماد خلیفہ کی دعوت پر نیتن یاہو منامہ کا دورہ کریںگے ۔ اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ ولی عہد کے ساتھ ان کی گفتگو خوش آیند رہی اور وہ بہت جلد بحرین کا دورہ کرنے جائیں گے ۔ ادھر اسرائیلی وزیر اعظم کے مبینہ دورئہ سعودی عرب کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق اسرائیل نے سعودی عرب کو قرنطینہ ممالک کی فہرست سے نکال دیا۔ اس فہرست میں وہ ممالک شامل ہیں، جہاں سے واپس آنے والے افراد کو قرنطینہ میں رہنا پڑتا ہے۔ اسرائیلی وزارت صحت نے تصدیق کی کہ سعودی عرب کو محفوظ ممالک والی فہرست میں شامل کر لیا گیا تھا، تاہم اس کا نیتن یاہو کے مبینہ دورے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔