ترک صدر رجب طیب ایردوان نے مسلم ممالک کے سربراہان کو ڈالر سے آزادی کےلیے تجویز پیش کرتے ہوئے کہاکہ مسلمان ممالک آگے بڑھیں اور کرنسی پریشر ختم کرنے کے لیے باہمی تجارت میں مقامی کرنسی استعمال کریں۔
غیر ملکی میڈیارپورٹس کے مطابق او آئی سی کی معاشی و تجارتی کمیٹی کے اجلاس سے ترک صدر نے خطاب کرتے ہوئےکہاکہ سود پر مشتمل موجودہ عالمی معاشی نظام کی جگہ مستقبل میں نفع و نقصان کے اشتراک پر مبنی اسلامی نظام لےگا۔
رجب طیب ایردوان کا کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا کو مغربی ممالک نے پالیسی کے طور پر اپنا لیا ہے اور بعض ممالک میں اسے صدارتی سطح پر تحفظ دیا جا رہا ہے، ان ممالک میں مسلمانوں کو اسی طرح نشانہ بنایا جا رہا ہے جیسے جنگ عظیم دوم میں یہودیوں کو بنایا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہاکہ اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ ان ممالک میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کو تکلیف سے بچایا جا سکے۔