ویکسین تیاری میں پاکستان کی معاونت کرینگے‘عالمی ادارہ صحت

100

نیویارک(آن لائن)عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نے پاکستان کے نام بھیجے گئے مراسلے میں کورونا سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی تعریف کی اور متوقع کورونا ویکسین کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ پاکستان سے کورونا کے خلاف بھرپور تعاون جاری رہے گا، موثرومحفوظ ویکسین کی تیاری کے لیے کوششیں جاری ہیں،2021ء کے آغاز پر کورونا ویکسین محدود پیمانے پر دستیاب ہوں گی،آغاز میں ویکسین کے درست اہداف کی بروقت نشاندہی ضروری ہے، پاکستان متوقع کوروناویکسین کے لیے پیشگی پلاننگ کرے،ویکسین کی ملک گیر ترسیل کے لیے اسٹریٹیجی وضح کرے، قومی رابطہ کمیٹی تشکیل دے جو ویکسین سے متعلق پلاننگ و رابطوں کی ذمے دار ہو گی۔قومی تکنیکی ورکنگ گروپ کی تشکیل اور ترسیل کے لیے لاجسٹک اور کولڈ چین سسٹم قائم کرے۔ویکسین کی محفوظ ترسیل کے لیے سروس ڈیلیوری نظام تشکیل دیا جائے اور مانیٹرنگ سسٹم بھی بنایا جائے۔عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ ویکسین کے مضر اثرات جانچنے کے لیے سیفٹی سرویلنس سسٹم بنایا جائے،جس کے لیے تربیت یافتہ ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ ویکسینیشن سے متعلق عوامی آگاہی کے لیے پیشگی مہم بھی چلائے۔