سگ گزیدگی کے مقدمات میں نامزد میونسپل افسران کی گرفتاری کا حکم

45

سکھر (آن لائن) سندھ ہائی کورٹ نے صوبے میں سگ گزیدگی واقعات کے داخل مقدمات میں نامزد میونسپل افسران کی گرفتاری کا حکم دے دیا،ایس ایس پیز کو ملزمان گرفتار نہ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری، عدالت نے میونسپل افسران کی کتا مار مہم کے حوالے سے پیش کردہ رپورٹ بھی مسترد کردی۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے صوبے میں سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف داخل آئینی پٹیشن کی سماعت کی سندھ بھر سے میونسپل اور
پولیس افسران سماعت پر عدالت میں پیش ہوئے، میونسپل افسران نے عدالت میں اپنے اپنے علاقوں میں جاری کتا مار مہم کے حوالے سے رپورٹ پیش کی لیکن عدالت نے میونسپل افسران کی پیش کردہ رپورٹ کوغیرتسلی بخش قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اورپولیس افسران سے سگ گزیدگی کے درج مقدمات اور گرفتاریوں کے حوالے سے تفصیلات طلب کیں تو پولیس کی جانب سے تفصیلات پیش نہ کی جاسکیں جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور پولیس کو سگ گزیدگی کے حوالے سے داخل مقدمات میں نامزد میونسپل افسران کو فوری طور ہر گرفتارکرنے کاحکم دیا اور مقدمات میں گرفتاریاں نہ کرنے پر سندھ بھرکے ایس ایس پیز کوشوکاز نوٹس جاری کردیے۔ عدالت نے سماعت کے موقع پر پیش نہ ہونے والے میونسپل افسران کے بھی وارنٹ جاری کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے بعد ازاں پٹیشن کی سماعت 15 دسمبر تک ملتوی کردی۔