سعودی وزیر خارجہ اور عالمی ایلچی کی شامی بحران پر بات چیت

88
ریاض: اقوام متحدہ کے شام کے لیے خصوصی ایلچی گیئر پیڈرسن اور سعودی وزیر خارجہ اجلاس میں موجود ہیں‘ چھوٹی تصویر یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی کی سعودی نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کی ہے

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی گیئر پیڈرسن نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبد اللہ سے دارالحکومت ریاض میں ملاقات کی، جس میں شامی بحران پر بات چیت کی گئی۔ دونوں رہ نمائوں کے درمیان ہونے والی گفتگو بات چیت میں شام کے بحران اور اس کے حل کے ضمن میں ہونے والی سیاسی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ واضح رہے کہ شام 2011 ئسے خونی تنازع کا شکار ہے جس میں اب تک 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دوسری جانب عرب ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ شام میں گزشتہ دنوں ہونے والی اسرائیلی بم باری میں حزب اللہ کے لیے ایران سے آئی ہوئی رقوم کے ٹرکوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ نیوز چینل کے مطابق ایران نے یہ قوم فضائی کمپنی فارس کے طیارے کے ذریعے دمشق بھیجی تھی۔ علاوہ ازیں یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی نے ریاض میں سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔