ملتان : پی ڈی ایم کے کارکنان گیٹ کے تالے توڑ کر اسٹیڈیم میں داخل

66

 

ملتان (خبر ایجنسیاں) ملتان میں پاکستان ڈیمو کر یٹک موومنٹ کے کا رکنان نے کورونا ایس او پیز کی دھجیاں بکھیر دیں‘ پیپلز پارٹی اور ن لیگ سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے کارکن تمام رکاوٹیں ہٹا کر جلسہ گاہ پہنچ گئے۔ اپوزیشن جماعتوں نے گیلانی ہاؤس سے قلعہ کہنہ قاسم باغ تک ریلی نکالی‘ گھنٹہ گھر چوک پر پولیس سے آمنا سامنا ہوا اور توڑ پھوڑ کی۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کرنے کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایم کا جلسہ روکنے کے لیے مقدمات کے اندراج کے ساتھ گرفتاریوں بھی کیں اور
جلسہ گاہ کے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کیا تھا جبکہ ضلعی انتظامیہ نے کیٹرنگ، پینا فلیکس تیار کرنے پر متعلقہ دکانداروں کو نوٹس جاری کر دیے ہیں، جلسے کو روکنے کیلیے جلسہ گاہ میں بھی پانی چھوڑا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی کی قیادت میں ریلی گھنٹہ گھر چوک پر پہنچی‘ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی قیادت عبدالرحمن کانجونے کی۔ پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی بھی گھنٹہ گھر سے ریلی میں شامل ہوئے۔ اسٹیڈیم کے گیٹ پر پہنچ کرکارکنوں نے اینٹوں سے تالے توڑ دیے۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے خواجہ رضوان عالم نے کہا کہ ہم جلسے کی تیاریوں کے لیے آئے ہیں اب 30 نومبر تک ہم کارکنوں کے ساتھ جلسہ گاہ میں ہی موجود رہیں گے‘ اسٹیج کی تیاری، سائونڈ سسٹم اور بجلی کی فراہمی کے لیے جنریٹر اوردوسرا سامان منگوا لیا گیا ہے ۔ دوسری جانب انتظامیہ نے متنبہ کیا ہے کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ دریں اثنا ملتان پولیس نے ریلی کے ساتھ جانے والی کرین اپنے قبضے میں لے لی۔ انتظامیہ نے اسٹیڈیم کے بجلی کے کنکشن کاٹ دیے ۔ ملتان ڈویژن میں کورونا ایس پیز کی خلاف ورزی پر 9 مقدمات درج کرلیے گئے۔ کمشنرملتان نے کورونا کنٹرول ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کیاہے