او آئی سی کا مذہب کی توہین کو جرم قرار دینے کا مطالبہ

80

ریاض ؍ نیامے (انٹرنیشنل ڈیسک) اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے اقوام متحدہ سے مذہب کی توہین کو جرم قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذہب کی بے حرمتی پر پابندی لگانے کے لیے قرار داد جاری کی جائے۔ تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی کا مطلب اقوام عالم کے درمیان تفرقہ پیدا کرنا نہیں ہے۔ دوسری جانب تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے نائیجر کے دارالحکومت میانے میں وزرائے خارجہ کے 47 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی بین الاقوامی مسئلہ ہے اور یہ عہدِ حاضر کا کینسر بن چکاہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورت حال میں صرف مسلمانوں کو نشانہ بناتے ہوئے اسلام دشمن بیانیہ قابل مذمت ہے خواہ کوئی بھی اس کا مرتکب ہو۔ انہوں نے تنظیم کا دو ٹوک موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ ہم ہر قسم کی انتہا پسندی اور دہشت گردی کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام خواتین کو بااختیار بنانے کا مخالف نہیں، اسلام امن کا درس دیتا ہے۔