حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)کورونا کیسز تیزی سے بڑھنے لگے ، 24گھنٹے میں 65افراد متاثر ہوئے، ضلعی انتظامیہ نے رات میں شادی کی تقریبات پر پابندی لگا دی۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر حیدرآباد دفترسے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق حیدرآباد میں 24گھنٹے کے دوران کورونا کے 401 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے65 کیسز مثبت آئے ہیں، مثبت کیسز کی شرح 14 فیصد رہی جبکہ وائرس سے متاثرہ ایک شخص انتقال کر گیا جس کے بعد وائرس کی وجہ سے جاںبحق ہونیوالوں کی مجموعی تعداد 118 ہوگئی ہے وائرس کی وجہ سے اموات کی شرح 2 فیصد ہے ۔حیدرآباد میں کورونا کے فعال کیسزکی تعداد 1308 جبکہ صحتیاب ہونیوالوں کی مجموعی تعداد 5914ہوگئی جس کی شرح 80 فیصد ہے۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ حیدرآباد نے شادی کی تقریبات کے لیے گائیڈ لائنز جاری کردی ،گائیڈ لائنز کا نفاذ 1 دسمبر سے ہوگا۔ انتظامیہ کی جانب سے تیار کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق تقریب کا انعقاد صبح کے اوقات کار میں ہوگا، شادی کی ان ڈور تقریب پر پابندی عاید کردی گئی ہے صرف آؤٹ ڈور تقریب کی اجازت ہوگی۔آؤٹ ڈور شادی کی تقریب کی کا دورانیہ صبح ساڑھے 11 سے دوپہرساڑھے 3 بجے تک ہو گا ۔تقریب میں 200 مہمان شرکت کرسکیں گے،گائیڈ لائنز کے مطابق شادی کی تقریب میں شرکا ء کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ رکھنا ہوگا، تقریب کا میزبان کرونا ایس او پیز پر عمل کا ذمے دار ہوگا، تقریب میں بوفے ڈنر یا لنچ کی اجازت نہیں ہوگی، صرف لنچ باکس یا ٹیبل سروس کی اجازت ہوگی۔